WhatsApp Channel Follow Now

Mojza Hazrat Muhammad (SAW) | خاتم النبّین حضرت محمد مصطفٰی ﷺ

معجزہ خاتم النبّین حضرت محمد مصطفٰی ﷺ

رسول مقبول حضرت محمد مصطفے صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مکّہ معظّمہ سے ہجرت کر کے جب مدینہ منورہ تشریف لائے تو مقامِ قبا میں نزول اجلال فرمایا اور ارشاد کیا کہ میں اُس وقت تک مدینہ میں داخل نہیں ہوں گا جب تک میرے بھائی علی علیہ السلام نہ آجائیں ۔ سلمان فارسی اُس وقت تک مدینہ میں ایک یہودی کے غلام تھے۔ اور اپنے مالک کے کھجوروں کے باغ میں پانی دیتے اور ان کی حفاظت کیا کرتے تھے۔

حضرت سلمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے ماننے والوں سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حالات معلوم کرتے رہتے تھے۔ لہذا جب آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مدینہ پہنچنے کی خبر سُنی تو کھجوروں کا ایک طبق اُٹھا کر آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی خدمت بابرکت میں حاضر ہوئے اور عرض کی کہ میں نے سُنا ہے کہ آپ مسافر ہو کر یہاں تشریف لائے ہیں۔ لہذا میں اپنے صدقات آپ کی خدمت میں لایاہوں۔ آپ ان کو تناول فرمائیے ۔ حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے اصحاب سے فرمایا کہ بسم اللہ پڑھ کر ان کو تناول کرو۔ مگر آپ ہے نے خود کچھ تناول نہ فرمایا جناب سلمان کھڑے یہ منظر دیکھتے رہے خالی تھال لے جاتے ہوئے فارسی زبان میں کہنے لگے کہ ایک علامت تو معلوم ہوگئی۔

پھر دوسرا تھال کھجوروں کا لا کر رسول اللہ صلی اللہ وآلہ وسلم کی خدمتِ بابرکت میں پیش کرتے ہوئے عرض کیا کہ یہ کھجور میں بطور ہدیہ ہیں قبول فرمائیے حضور ختمی مرتبت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یہ ہدیہ قبول فرماتے ہوئے خود بھی یہ خرمے تناول فرمائے اور دیگر اصحاب کو بھی دیے کہ وہ بھی کھا ئیں۔ جب وہ کھا چکے تو سلمان نے تھال لے لیا اور کہا کہ دو علامتیں پوری ہو گئیں پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے روطواف کرنا شروع کر دیا۔ حضور صلی اللہ وآلہ وسلم نے دریافتِ حال فرمایا تو سلمانؓ نے عرض کی کہ وہ ایک یہودی کا غلام ہے۔ لہذا آپ اس بارے میں کیا حکم دیتے ہیں؟

حضور ؐنے فرمایا جاؤ کچھ رقم دے کر چھٹکارا حاصل کر لو۔ سلمانؓ نے یہودی کے پاس جا کر کہا کہ میں چونکہ مسلمان ہو چکا ہوں اور نبی اللہ صلی اللہ وآلہ وسلم کی پیروی شروع کر دی ہے اس لئے مجھ سے کچھ لے کر مجھے آزاد کر دیا جائے یہودی نے کہا اس شرط پر تمہیں آزاد کروں گا ۔ کہ تم پانچ صد کھجوڑوں کی گٹھلیوں کو لگاؤ۔ جب وہ بڑھ کر پھل دینے لگیں، تو ان کو میرے حوالے کر دو اس کے علاوہ چالیس اوقیہ سونا بھی دو‘ تب میں آزاد کروں گا۔

جناب سلمانؓ نے خدمتِ رسول مقبول صلعم میں پیش ہو کر تمام واقعات سے آپ کو آگاہ کیا۔ آنحضرت صلی اللہ و آلہ وسلم نے فرمایا واپس جا کر اُس سے یہ شرائط لکھو الا ؤ تا کہ بعد میں وہ اس سے انکار نہ کر سکے۔

جناب سلمانؓ گئے اور وہ شرائط نامہ لکھوا کر لے آئے ۔ آنحضرت صلی اللہ و آلہ وسلم نےسلمانؓ کو پانچ صد کھجور کی گٹھلیاں لانے کو کہا جو سلمانؓ نے لا کر پیش خدمت کر دیں۔ آنحضرت صلی اللہ و آلہ وسلم نے وہ گٹھلیاں جناب مولائے کائنات حضرت امیر المومنین علی علیہ السلام کے حوالے کر دیں اور سلمان کو لے کر اس جگہ تشریف لے آئے جہاں اس یہودی نے درخت لگانے کو کہا تھا۔

سردار دو جہاں صلی اللہ و آلہ وسلم اُس جگہ اپنی انگشتِ مبارک سے زمین میں شگاف کرتے جاتے اور کہتے جاتے کہ اس میں گٹھلی ڈالتے جاؤ۔ اور ساتھ ہی آپ اُس پر مٹی ڈال کر دو انگلیوں کو کھولتے ۔ تو وہاں پانی کا ایک چشمہ جاری ہو جاتا۔ جس سے وہ جگہ سیراب ہو جاتی پھر آپ صلی اللہ و آلہ وسلم دوسری جگہ چلے جاتے اور یہی عمل کرتے ۔ جب دوسری جگہ گٹھلی بو چکتے تو پہلی جگہ پر ایک درخت اُگ آتا ( جس میں خرے لگے ہوتے ) (صلوت) اسی طرح رسول اللہ صلی اللہ وآلہ وسلم نے پانچ صد گٹھلیاں بوئیں اور وہ تمام پھَل دار کھجوروں کے درخت بن گئے ۔ (صلوت)

یہودی جو ساتھ ساتھ چل رہا تھا۔ یہ نظارہ دیکھ کر کہنے لگا کہ واقعی قرش سچ کہتے تھے ۔ کہ محمد صلی اللہ وآلہ وسلم جادوگر ہیں ۔ پھر بولا کہ اے سلمان! میں نے کھجوروں کا باغ تو لے لیا لیکن وہ چالیس اوقیہ سونا کہاں ہے؟

یہ سنتے ہی رسول اللہ صلی اللہ وآلہ وسلم نے اپنے سامنے سے ایک پتھر اُٹھایا تو وہ متوقع سونے سے کہیں۔ بہتر سونا بن گیا۔ جو یہودی کو دے دیا گیا اور یہودی نے جب اُس سونے کا وزن کیا تو وہ نہ کم اور نہ زیادہ بلکہ ٹھیک چالیس اوقیہ سونا تھا۔ (صلوۃ) لہذا جناب سلیمان فارسی ؓاب آزاد ہو کر خدمت رسولِ مقبول صلی اللہ و آلہ وسلم میں حاضر ہو گئے ‘اور عمر بھرسچے دل سے آپ کی خدمت کرتے رہے۔

اللهم صل علٰى محمد واٰل محمد

اے اللہ بطفیل حبیب مکرمؐ حضرت محمد مصطفے صلی اللہ و آلہ وسلم اور ان کی پاک و طاہر آل علیہم السلام جس طرح تُو نے جناب سلمان فارسی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی مشکل آسان فرمائی۔ بالکل اسی طرح ہر مومن اور ہر مومنہ کی بھی ہر مشکل آسان فرما اور ہر مراد بھی انہی پاک ہستیوں کی طفیل پوری فرما۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین۔

اللهم صل علٰى محمد واٰل محمد



What’s your Reaction?
+1
0
+1
0
+1
3
+1
0
+1
0
+1
0
+1
0

Our aim is only to provide you stories (Kahaniyan). Here you can read every story of your choice for you and your kids in different languages Hindi, Urdu, Punjabi and English.

Leave a Comment